Advertisement

Responsive Advertisement

سلمان خان نے بھائی ارباز خان کے سٹے بازی کے اعتراف پر خاموشی توڑ دی

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنے چھوٹے بھائی ارباز خان کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سٹے بازی کے اعتراف پر خاموشی توڑ دی۔
گزشتہ دنوں ارباز خان کو بھارتی پولیس نے آئی پی ایل میں سٹے بازی کرنے پر طلب کیا تھا جہاں ان سے کئی گھنٹے تک تفتیش کی گئی تھی جب کہ بالی وڈ اداکار نے سٹے بازی کا اعتراف کیا تھا۔
 بھائی کی سٹے بازی کے اعتراف کے بعد سلمان خان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ کے دوران صحافیوں کی جانب سے مسلسل ان سے ارباز کے معاملے پر سوال کیے گئے لیکن انہوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔ 
سلمان خان ان دنوں اپنے ’دبنگ ٹورز‘ پر امریکا گئے ہوئے ہیں تاہم اب انہوں نے ایک ماہ بعد ارباز خان کے معاملے پر لب کشائی کی ہے۔ 
اپنے انٹرویو میں دبنگ خان کا کہنا تھا کہ میں نے سیکھا ہے کہ ٹاپ پر رہنے کے لیے جد وجہد کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے کیوں کہ چند پرانے بدقسمت واقعات کا سامنا کرنے کے لیے بھی لڑنا پڑتا ہے، خاص طور پر جب آپ کے سامنے بہت مشکل حالات ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف میرے لیے نہیں بلکہ سب ہی اداکاروں کو ایسی صورتحال کا سامنا ہے، چاہے ہم زندگی میں جتنے بھی مشکل وقت کا سامنا کررہے ہوں لیکن ہمیں فلم کی تشہیر کے لیے لازمی جانا پڑتا ہے۔
سلو میاں کا کہنا تھا کہ ہمارا کام بہت مشکل ہے کیوں کہ دل رو رہا ہو تو ہنسنا پڑتا ہے اوردل کتنا بھی روئے شوٹنگ تو کرنی ہوتی ہے لیکن ہم اپنے دکھ چھپاتے ہیں تو دوسرے ہمیں بے حس سمجھتے ہیں۔
انہوں نے ارباز کی سٹے بازی کے اعتراف کے حوالے سے کہا کہ ارباز کا معاملہ میرے لیے دکھ کا باعث تھا لیکن اس سب پر میں خاموش رہا کیوں کہ فلم کی تشہیر کے لیے مجھے ہنستا ہوا نظر آنا تھا۔
یاد رہے کہ سلمان خان کے بھائی ارباز خان کو ممبئی پولیس نے سٹے باز سونو جالان کے اعتراف کے بعد انڈین پریمیئر لیگ میں سٹے بازی میں ملوث ہونے پر سمن جاری کیا تھا اور بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے انسداد بھتہ سیل نے ارباز خان اور سونو جالان کو آمنے سامنے بٹھا کر بیان ریکارڈ کرایا جس پر اداکار نے سٹے بازی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ طلاق اور خراب مالی حالات کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار تھے جس کے باعث وہ شوقیہ طور پر سٹے بازی کرتے رہے۔
ارباز خان پر آئی پی ایل میں 2 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے ہارنے کا الزام ہے جس کا اعتراف انہوں نے تفتیش کے دوران کیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments