Advertisement

Responsive Advertisement

سابق ملائشین وزیراعظم نجیب رزاق مالی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار

کوالالمپور: ملائشیا کے اینٹی کرپشن کمیشن نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو مالی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اینٹی کرپشن کمیشن کے حکام نے کوالالمپور میں سابق وزیراعظم کی ذاتی رہائشگاہ پر چھاپہ مارتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا جس کے بعد انہیں ادارے کے ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق نجیب رزاق پر سرکاری خزانے میں خرد برد کا الزام ہے جس کی تحقیقات کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا اور وہ آج رات اینٹی کرپشن کمیشن کے ہیڈکوارٹر میں ہی گزاریں گے جس کے بعد انہیں کل عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
غیرملکی میڈیا کا ذرائع کے حوالے سے بتانا ہے کہ سابق ملائشین وزیراعظم کو 10 سے زائد الزامات کا سامنا ہے جس میں فوجداری الزامات بھی شامل ہیں۔
نجیب رزاق پر سرکاری اکاؤنٹ سے 10.6 ملین امریکی ڈالر ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام ہے اور اسی سلسلے میں اینٹی کرپشن کمیشن نے انہیں پوچھ گچھ کے لیے مئی میں طلب بھی کیا تھا۔
نجیب رزاق کی گرفتاری پر سابق ڈپٹی وزیراعظم احمد زاہد حامدی کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی کا احترام کرنا چاہیے، عوام میں نجیب رزاق سے متعلق منفی رائے پائی جاتی ہے تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود کو بے قصور ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، اس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

Post a Comment

0 Comments