افغان حکومت کے بعد افغان طالبان نے بھی عیدالفطر کے موقع پر غیر مشروط جنگ بندی کا اعلان کردیا۔
اطلاعات کے مطابق 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان نے غیر مشروط جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان طالبان نے ملک میں عید کے 3 دنوں کیلئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عید الفطر کے موقع پر حکومتی فورسز پر حملے اور ان سے جنگ نہیں کی جائے گی۔
تاہم طالبان کے بیان میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ امریکی و نیٹو فورسز کے خلاف عید کے دوران بھی جنگ جاری رہے گی اور غیر ملکی دراندازوں پر حملے جاری رہیں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل افغانستان کے آرمی چیف جنرل شریف یفتالی نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ ایک ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی 27 ویں رمضان المبارک سے عید الفطر کے پانچویں روز تک جاری رہے گی۔
0 Comments