Advertisement

Responsive Advertisement

عاصمہ رانی قتل: ایک ملزم گرفتار، دوسرے کو سعودی عرب سے پکڑنے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری




تصویر کے کاپی رائٹhot line plus news network

عاصمہ رانی

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع کوہاٹ میں حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل کالج کی طالبہ کے قتل میں مبینہ طورپر ملوث نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سعودی عرب فرار ہونے والے مرکزی ملزم کی گرفتاری کےلیے ریڈ وارنٹ جاری کردیا گیا ہے۔
کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید مروت نے   کہا کہ ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں ایم بی بی ایس کی تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں نامزد ملزم صادق آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب فرار ہونے والے قتل کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے ان کا ریڈ وارنٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کےلیے کارروائی کی جارہی ہے۔
گذشتہ رات گرفتار ہونے والے ملزم صادق آفریدی مرکزی ملزم مجاہد آفریدی کے بھائی ہیں۔ پولیس کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزم نے مبینہ قاتل مجاہد آفریدی کی معاونت کی تھی۔
ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی نوجوان طالبہ عاصمہ رانی کو اتوار کو کوہاٹ کے علاقے میانخیل میں اس وقت گولیاں مار کر قتل کیا گیا جب وہ گھر سے کہیں جا رہی تھیں۔
مقتولہ کے بھائی عرفان کی طرف سے درج کردہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قاتل ان کی بہن سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن ملزم پہلے سے شادی شدہ تھا جس کے باعث رشتہ دینے سے انکار کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک ملزم واردات کے فوری بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد سے سعودی عرب فرار ہوگیا۔



مظاہرہتصویر کے کاپی رائٹhot line plus news network
Image captionخیبر پختونخوا میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں

مقتولہ نے موت سے قبل ایک ویڈیو بیان دیا تھا جس میں ملزم مجاہد آفریدی کا نام لے کر اسے قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ یہ ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر بھی جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثنا مقتولہ کے والد نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کا قاتل حکمران جماعت تحریک انصاف کے ضلعی صدر کا بھتیجا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قاتل واردات کرکے کیسے ملک سے فرار ہوا اور پولیس اس دوران کہاں تھی۔
ادھر ملزم کے چچا اور تحریک انصاف کوہاٹ کے صدر آفتاب عالم نے کہا ہے کہ قاتل کی گرفتاری کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا۔ انھوں نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی کہ قاتل کو بچانے کے لیے سیاسی اثرو رسوخ کا استعمال کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ بیشتر واقعات میں ملزمان فرار ہوچکے ہیں جس سے پولیس کی کارکردگی پر بھی کئی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
تقریباً دو ہفتے قبل مردان میں چار سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جس کی اعلیٰ سطح پر نوٹس بھی لیا گیا لیکن ملزم تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments