سولومون مائر کی کیرئیر کی بہترین بیٹنگ بھی انکی ٹیم کو پاکستان کے ہاتھوں شکست سے نہ بچا سکی۔ اور وہ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں تیسری بار بھی شکست سے دوچار ہوکر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے میزبانوں کو سات وکٹوں سے ہرادیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبانوں کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹرائنگولر سیریز کے میچ میں زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں پر ایک سو باسٹھ کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجادیا۔
اوپنرز نے اننچاس رنز کا آغاز فراہم کیا۔ سولومون مائر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تریسٹھ گیندوں پر چورانوے رنز کی کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلی۔
مائر سنچری کرنے میں ناکام رہے۔ انہیں انیسویں اوور میں حسین طلعت کی بال پر شاداب نے کیچ اؤٹ کیا۔
مائر کا اسکور نہ صرف انکے کیرئیر کا بہترن اسکور تھا بلکہ کسی بھی زمبابوے کھلاڑی کی طرف سے ٹی ٹوئینٹی میں کیا گیا بہترین اسکور ہے۔
قومی بالرز زمبابوے کیخلاف خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ محمد عامر، حسین طلعت، فہیم اشرف اور شاداب خان ایک ایک وکٹ لے سکے۔
پاکستان کو حارث سہیل اور فخر زمان نے اچھا آغاز دیا۔ اور پاور پلے میں چھپن رنز بنائے۔ فخر زمان مائر کی بال پر اڑتیس گیندوں پر سینتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت جو پہلے دو میچوں میں کچھ خاص نہ کرپائے تھے نے پینتیس گیندوں پر چوالیس رنز بنائے۔ کپتان سرفراز نے چھ چوکوں کے ساتھ اکیس گیندوں پر اڑتیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان اب جمعرات کو آسٹریلیا کا سامنا کرے گا۔ سہ فریقی ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار (آٹھ جولائی) کو کھیلا جائے گا۔
0 Comments