کراچی (hotline) حکومت سندھ نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مجھے ابتدائی7 روز والا لاک ڈاؤن چاہیے، کسی کو باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے، اعدادوشمار تشویشناک ہیں، عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے اعداوشمارتشویشناک ہیں۔
مجھے ابتدائی7 روز والا لاک ڈاؤن چاہیے۔ بلاضرورت کسی کو کہیں جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ گھروں پر رہیں۔ ایسا نہ ہوکہ بہت دیر ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ 3 فیکٹریوں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پرسیل کیا گیا ہے۔ تینوں فیکٹری مالکان سے انڈرٹیکنگ لی گئی ہے۔
(جاری ہے)
کوئی فیکٹری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی نہ کرے۔ واضح رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 577 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، پنجاب
میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 2004 تک پہنچ گئی، سندھ میں 932 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 500 اور اسلام آباد میں 83 ہوگئی۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق بلوچستان میں 202 گلگت بلتستان میں 211 کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 18 ہوگئی۔ کمانڈ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک 429 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے، کورونا وائرس سے سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 54 تک پہنچ گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4 نئی اموات سامنے آئیں،سندھ میں 17، پنجاب میں 15، کے پی کے میں 17 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک مریض کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی دارلحکومت میں بھی کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا،اب تک 39 ہزار 183 افراد کے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3088 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، ملک میں کورونا وائرس کے 28 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔
0 Comments