اگر آپ نے بالی وڈکی فلم کاغذ دیکھی ہے تو فلم کے حقیقی کردار اور اعظم گڑھ کے مبارک پور سے تعلق رکھنے والے لال بہاری مریتک کی شخصیت سے انکاری نہیں ہوں گے۔
بالی وڈ فلم کاغذ لال بہاری مریتک کی حقیقی زندگی کی عکاسی پر مبنی کہانی ہے جو اس وقت خبروں کی زینت بنے جب انہیں حکومتی ریکارڈ میں مردہ قرار دیے جانے کے بعد
خود کو زندہ ثابت کرنے کے لیے ایک طویل عرصے پر مبنی قانونی جنگ لڑنا پڑی۔
مریتک کو 30 جون 1994 میں قانونی اعتبار سے ایک بار پھر زندہ قراردیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق لال بہاری کو والدین کی موت کے بعد بچپن میں ہی زندہ ہوتے ہوئے ریونیو ریکارڈ میں مردہ قرار دے دیا گیا جس کے بعد ان کے ورثے پر رشتے داروں نے قبضہ کرلیا۔
لال بہاری عرف ’مریتک‘ کو کاغذات میں اپنے آپ کو زندہ ثابت کرنے کے لیے 18 برس لگ گئے۔
تاہم مریتک کئی برسوں بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں اور اس بار اس مقبولیت کی وجہ ان کا زندہ یا مردہ ہونا نہیں بلکہ ان کی اپنی 56 سالہ اہلیہ کرمی دیوی سے ایک بار پھر شادی کی منصوبہ بندی ہے۔
مریتک کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ سرکاری ریکارڈ کے تحت ان کی پیدائش 27 سال پہلے ایک بار پھر ہوئی اور ایک بار پھر شادی کا انعقاد 2022 میں کیا جائے گا۔
لال بہاری نے بتایا کہ سرکاری ریکارڈ کے تحت وہ فی الحال 28 برس کے ہیں۔
0 Comments